پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے جب کہ بارشوں کے پیش نظر پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے بھی متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں جب کہ 31 اگست سے مغربی ہواؤں کی لہر بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 5 ستمبر تک برقرار رہ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں 28 اگست کی شام یا رات سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور حافظ آباد میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ بعض مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے۔
اس کے علاوہ قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں یکم سے 5 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی 29 اگست سے 5 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں یکم سے 4 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان کے علاقے دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 30 اگست سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔



