شمالی قبرص کے قریب کشتی الٹنے سے 7 افراد جاں بحق

شمالی قبرص کے ساحل کے قریب ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد ہلاک اور 23 لاپتا ہوگئے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق واقعے کی حتمی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم ریسکیو کیے گئے ایک مسافر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ کشتی الٹنے سے قبل اس کے اگلے حصے میں ایک زوردار دھماکا ہوا تھا۔
یہ کشتی شمالی قبرص کی بندرگاہ سے ترکیے کے لیے روانہ ہونے کے کچھ ہی دیر بعد ساحل سے 6.5 کلومیٹر کے فاصلے پر حادثے کا شکار ہوا۔
ترک جمہوریہ شمالی قبرص کے وزیر اعظم اونال اوستل نے ترک میڈیا کو بتایا کہ کشتی پر مجموعی طور پر 267 افراد سوار تھے جن میں سے 23 تاحال لاپتا ہیں۔
شمالی قبرص کے وزیر ٹرانسپورٹ ایرہان اریکلی نے ترک ٹیلی ویژن نیٹ ورک ٹی آر ٹی کو بتایا کہ 161 افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ 76 افراد بحفاظت اپنے اہل خانہ کے پاس پہنچ چکے ہیں۔



