کوئٹہ میں کھلے خشک دودھ کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی

وزیراعلیٰ بلوچستان کے احکامات پر کوئٹہ میں کھلے خشک دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ڈرگ انسپکٹرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ کھلے خشک دودھ پر ایکسپائری ڈیٹ، بیچ نمبر اور دیگر ضروری معلومات درج نہیں ہوتیں، جس کے باعث اس کی غیر محفوظ فروخت خصوصاً بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ اور خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے تمام دکانداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھلا خشک دودھ فروخت کرنے سے فوری طور پر گریز کریں۔ انتظامیہ کے مطابق کسی بھی دکان یا گودام سے کھلا خشک دودھ برآمد ہونے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، انہیں گرفتار اور متعلقہ دکان کو سیل کردیا جائے گا۔
میڈیکل اسٹورز پر بھی کھلے خشک دودھ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ شہر بھر کے میڈیکل اسٹورز کی خصوصی چیکنگ بھی کی جائے گی۔
کھلے خشک دودھ کے خلاف کارروائی کے لیے محکمہ فوڈ اتھارٹی، محکمہ صحت، ڈرگ انسپکٹرز اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو مختلف علاقوں میں دکانوں اور گوداموں کا معائنہ کریں گی۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہر اللہ بادینی نے ہدایت کی کہ بچوں کی صحت سے متعلق کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔
بلوچستان میں فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، 2 یونٹس سیل
دوسری جانب بلوچستان فوڈ اتھارٹی (BFA) نے صوبے بھر میں غیر معیاری، زائدالمیعاد اور غیر رجسٹرڈ اشیائے خورونوش کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 41 فوڈ بزنسز پر جرمانے عائد، 50 سے زائد کو بہتری کے نوٹسز جاری اور 2 یونٹس سیل کردیئے۔
کوئٹہ کے ویسٹرن بائی پاس پر کارروائی کے دوران ایک غیر قانونی جوس تیار کرنے والے یونٹ کو سیل کردیا گیا جبکہ بڑی مقدار میں خام مال بھی ضبط کیا گیا۔
حکام کے مطابق یونٹ کے پاس پراڈکٹ رجسٹریشن، فوڈ بزنس لائسنس، لیبارٹری رپورٹس اور مصنوعات کی ٹریس ایبلٹی سے متعلق ضروری ریکارڈ موجود نہیں تھا۔کارروائی کے دوران ناقص انتظامات والے ایک گودام سے تقریباً 600 پیکٹ کھجوریں بھی ضبط کی گئیں۔



