بلوچستان میں فورسز کی کارروائیوں میں 21 دہشتگرد ہلاک، کسٹمزاہلکارسمیت 6 بہادرسپوت شہید

سکیورٹی فورسزکی بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اورفتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیوں میں 21 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اورکسٹمز کے ایک سرکاری اہلکارسمیت 6 بہادرسپوت شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اوریکم ستمبرکی درمیانی شب چاغی کے علاقے نوکچہ اور ضلع پشین زیارت کراس میں کارروائیاں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر مسافروں کی آمدورفت میں خلل ڈالنے اورغیرقانونی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کی جس پر سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جن کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ،گولہ بارود اوردھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 31 اگست اوریکم ستمبرکی درمیانی شب کسٹمز ہاؤس پر فتنہ الخوارج کاحملہ بھی ناکام بنتے ہوئے 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فراردہشتگردوں کوبھی سکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں مزید دہشتگرد ہلاک و زخمی ہوئے تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ایک سرکاری اہلکار سمیت قوم کے 6 بہادر سپوت شہید ہوئے۔



