لاہور میں ٹریفک وارڈن کی مبینہ لاپرواہی سے نوجوان کی جان چلی گئی

لاہور کے علاقے شاد مان میں ٹریفک وارڈن کی مبینہ لاپرواہی کے باعث موٹر سائیکل سوار نوجوان جان کی بازی ہار گیا ہے جب کہ واقعے کی دل دہلا دینے والی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار کو روکنے کے لئے ٹریفک وارڈن اچانک بھاگ کر سڑک کے درمیان آ گیا۔ اس کوشش کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار وارڈن سے ٹکرانے کے بعد بے قابو ہو کر فٹ پاتھ سے جا ٹکرایا، جس سے اس کے سر پر شدید چوٹیں آئیں۔
حادثے کے بعد شدید زخمی ہونے والے زین نامی نوجوان کو فوری طور پر سروسز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 5 روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق واقعہ 26 اگست کی شام ساڑھے 5 بجے شادمان مارکیٹ یوٹرن پر پیش آیا۔
ٹریفک اسسٹنٹ نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن موٹر سائیکل سوار رکنے کے بجائے آگے نکلنے کی کوشش میں ٹریفک اسسٹنٹ سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق اور موٹر سائیکل سوار زین دونوں زخمی ہوئے۔
ٹریفک اسسٹنٹ سلطان الحق کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا تھا۔ دوسری طرف سی ٹی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی صدر زون کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔



