پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، انسداد دہشتگردی اور آئی ٹی سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، موسمیاتی تبدیلی، انسداد دہشتگردی اور آئی ٹی سمیت متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔

پاکستان اور کرغزستان کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب بشکیک میں ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغز صدر نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں دونوں سربراہان حکومت نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا پاکستان اورجمہوریہ کرغز کے درمیان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ خوش آئند پیش رفت ہے، لاہور اورکرغزستان کے شہر اوس کو جڑواں شہر قرار دینے سے ثقافتی روابط بڑھیں گے، دونوں ممالک دہشت گردی اور انتہاپسندی کےخلاف مل کر کام کریں گے۔
ان کا کہنا تھا پاکستان اورکرغزستان نجی شعبے کے درمیان تجارتی تعلقات کی وسعت میں مدد دیں گے، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بھی دونوں ممالک میں اتفاق رائے طے پایا، تعلیم، سائنس وٹیکنالوجی اور ثقافت میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے، کاسا توانائی معاہدے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ وزارتی گروپ کا قیام خوش آئندہے۔
شہباز شریف کاکہنا تھا دونوں ممالک تجارتی حجم بڑھانے کے لیے قوانین کو مزید آسان بنائیں گے، دوطرفہ تجارت کو 2 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں، پاکستان کرغزستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزیدوسعت دینا چاہتا ہے، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف معاہدوں پر دستخط دوطرفہ تعاون کے فروغ کا آغاز ہے۔



