صحت

بیشتر افراد کی وہ عام عادت جو کینسر جیسے مرض سے موت کا خطرہ بڑھا دیتی ہے

اگر آپ روزانہ اپنا زیادہ وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں تو یہ عادت صحت کے لیے توقعات سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔

درحقیقت ہر ایک اضافی گھنٹے تک بیٹھنے سے کینسر جیسے مرض سے موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

یہ بات اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

گلاسگو یونیورسٹی کی اس تحقیق میں 91 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

یہ ڈیٹا یوکے بائیو بینک سے حاصل کیا گیا تھا جس میں ان افراد کے 7 دن کی جسمانی سرگرمیوں کا ڈیٹا ایکٹیویٹی مانیٹر کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا۔

اس کے بعد محققین نے ان افراد کی صحت کا جائزہ اوسطاً 12.38 سال تک لیا۔

تحقیق کے دوران ان افراد کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا جس کا تعین بیٹھنے کے وقت یا جسمانی سرگرمیوں کی بنیاد پر کیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ایسے افراد کو بیٹھ کر زیادہ وقت گزارتے ہیں اور اپنی جگہ سے ہلتے بھی نہیں، ان میں کینسر کی متعدد اقسام سے موت کا خطرہ 9 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

ایسے افراد میں موٹاپے سے جڑی کینسر کی اقسام جیسے غذائی نالی، جگر، گردے، لبلبے، بریسٹ، آنتوں اور تھائی رائیڈ کینسر کا خطرہ بھی زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اگر بیٹھنے کے دوران اپنی جگہ سے ہلنے یا کھڑے ہونے کو عادت بنایا جائے تو کینسر سے موت کا خطرہ 12 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

اس سے قبل بھی تحقیقی رپورٹس میں دریافت ہوچکا ہے کہ بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے متعدد امراض کا خطرہ بڑھتا ہے۔

مگر اس تحقیق کے نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ مسلسل ایک ہی جگہ بیٹھے رہنا صحت کے لیے تباہ کن ثابت ہوتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیاں بھی صحت کو کسی حد تک تحفظ فراہم کرسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ویسے تو معتدل سے سخت جسمانی سرگرمیاں کینسر سے زیادہ تحفظ فراہم کرتی ہیں، مگر ہلکی پھلکی جسمانی سرگرمیوں کو بھی نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

البتہ انہوں نے تسلیم کیا کہ تحقیق کسی حد تک محدود ہے کیونکہ اس میں بیٹھنے اور کینسر کے درمیان براہ راست تعلق کو ثابت نہیں کیا جاسکا۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل پلوس میڈیسن میں شائع ہوئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker