پاکستان

اسلام آباد کو نئے انتظامی ماڈل میں ڈھالنے کی تیاریاں، خصوصی کمیٹی نے ڈرافٹ وزیراعظم کو پیش کردیا

ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث جاری ہے، حکومت نے سب سے پہلے اسلام آباد کو نئے انتظامی ماڈل میں ڈھالنے کی تیاریاں تیز کردی ہیں۔

وفاقی دارالحکومت کے مستقبل کا نیا نقشہ وزیراعظم شہباز شریف کے سامنے رکھ دیا گیا، مجوزہ ڈرافٹ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کی خصوصی کمیٹی نے وزیراعظم کو پیش کیا جب کہ کمیٹی رپورٹ پر حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت اسلام آباد کو ایک نئے انتظامی ماڈل میں ڈھالنے کی تجویز دی گئی ہے، جس میں دارالحکومت کے شہریوں کو اپنی منتخب اسمبلی اور منتخب چیف ایگزیکٹو دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

مجوزہ ڈرافٹ میں اسلام آباد کی 27 رکنی اسمبلی قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے، اسلام آباد کی اپنی اسمبلی، چیف ایگزیکٹو اور 27 انتظامی محکمے ہوں گے جب کہ اسمبلی کے 21 ارکان براہ راست عوام کے ووٹ سے منتخب کرنے کی تجویز ہے۔

قومی اسمبلی کے ہر حلقے سے اسلام آباد اسمبلی کی 7 نشستیں رکھنے کی تجویز ہے جب کہ خواتین کے لیے 5 اور اقلیتوں کے لیے ایک نشست مختص کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

اسلام آباد کے چیف ایگزیکٹو کے لیے وزیراعلیٰ یا میئر کا عہدہ رکھنے کی تجویز ہے جب کہ منتخب چیف ایگزیکٹو اپنی اسمبلی کے سامنے جواب دہ ہوگا۔

مجوزہ انتظامی ڈھانچے میں شہر کے 27 انتظامی محکمے اسلام آباد حکومت کے ماتحت رکھنے کی تجویز ہے، صحت، تعلیم، ماحولیات اور شہری سہولیات سمیت متعدد شعبوں کو مقامی حکومت کے دائرہ اختیار میں لانے کی تجویز دی گئی ہے۔

قانون و امن اور اسلام آباد کی ماسٹر پلاننگ کے شعبے وفاقی حکومت کے پاس ہی رکھنے کی سفارش کی گئی ہے جب کہ دیگر انتظامی معاملات منتخب اسلام آباد حکومت کے حوالے کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker