ملک میں سونا مزید سستا ہو گیا

پاکستان میں 21 ستمبر کو سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز کمی ہوئی ہے۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 2 ہزار 700 روپے سستا ہوا ہے، ہفتے کے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 100 روپے کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔
جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پیر کے روز جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق 2 ہزار 700 روپے کمی کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 57 ہزار 536 روپے کا ہوگیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونا بھی 2 ہزار 315 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 92 ہزار 263 روپے کا ہوگیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں کمی دیکھی گئی ہے جہاں سونے کی قیمت 27 ڈالر کم ہو کر 4 ہزار 350 ڈالر فی اونس پر آ گئی ہے۔
واضح رہے کہ موجودہ عالمی صورت حال میں ایک جانب تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، وہیں مہنگائی میں اضافے کے خدشات کے پیشِ نظر بعض بڑے مرکزی بینکوں نے شرحِ سود میں اضافہ کیا ہے جبکہ بعض نے مزید اقدامات کا بھی عندیہ دیا ہے۔
گزشتہ ہفتے بینک آف جاپان جبکہ اس سے قبل امریکی فیڈرل ریزرو اور یورپی مرکزی بینک نے شرحِ سود میں اضافہ کیا تھا۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ سونے کو عام طور پر مہنگائی کے خلاف تحفظ کے ایک ذریعے کے طور پر دیکھا جاتا ہے، تاہم شرحِ سود میں اضافہ عموماً سونے کی طلب کو متاثر کرتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شرحِ سود بڑھنے کی صورت میں سرمایہ کار سونے کے بجائے ایسے اثاثوں کی جانب رخ کر سکتے ہیں جو انہیں سود یا منافع فراہم کرتے ہیں۔



