بزنس

پاکستان میں دوسرے روز بھی سونے کی قیمت میں بڑی کمی، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟

ملک بھر میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی سونے کی قیمت میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں فی تولہ سونا 1800 روپے جب کہ 10 گرام سونا 1543 روپے سستا ہوگیا ہے۔

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں گرنے کے اثرات کے باعث ملکی صرافہ مارکیٹ میں منگل کے روز بھی سونے کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں آج 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 1 ہزار 800 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 55 ہزار 736 روپے کی سطح پر آ گیا ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1,543 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 90 ہزار 720 روپے مقرر ہوگئی ہے۔

اس سے قبل پیر کے روز بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار 700 روپے کی بڑی کمی دیکھی گئی تھی، جس کے بعد سونا 4 لاکھ 57 ہزار 536 روپے پر بند ہوا تھا جب کہ آج رواں ہفتے کے ابتدائی 2 دن کے دوران سونا 4500 روپے سستا ہوا ہے۔

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 18 ڈالر کی کمی کے بعد 4 ہزار 332 ڈالر پر آ گئی، جس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتیں مزید نیچے آئیں۔

سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں فی تولہ چاندی 62 روپے سستی ہو کر 7 ہزار 038 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں سونے کی قیمت رواں ماہ مسلسل اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے، ستمبر کے دوران سونے کی فی تولہ قیمت تقریباً 4 لاکھ 43 ہزار 647 روپے سے 4 لاکھ 59 ہزار 540 روپے کے درمیان رہی۔

واضح رہے کہ سونا خریدنا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے جس کی قیمت افراط زر، سیاسی اور معاشی عدم استحکام کے اوقات میں بڑھ جاتی ہے، اسے صدیوں سے کرنسی اور دولت کی شکل کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ جب سرمایہ کار دوسرے اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں، تو وہ اکثر سونا خریدے ہیں۔

پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کردی گئی تھی، جس کے تحت سونے کی قیمت انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker