راولپنڈی ریجن میں 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کا فیصلہ

راولپنڈی ریجن میں 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی وزارت داخلہ کو موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کے لیے مراسلہ ارسال کر دیا۔
مراسلے میں راولپنڈی کے مخصوص مقامات پر 2G، 3G اور 4G نیٹ ورک کی جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے جبکہ اٹک میں بھی موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مراسلے کے مطابق موٹروے پر براہمہ باہتر، گنجو، احاطہ، ٹیکسلا سٹی، واہ صدر، تھلیاں اور چکری کے علاقوں میں موبائل و انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ اور جیمنگ کی درخواست کی گئی ہے۔
راولپنڈی اور اٹک کے مخصوص مقامات پر 27 ستمبر سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن گریڈ رہیں گی۔
مراسلے کے مطابق موبائل اور انٹرنیٹ سگنلز معطل یا محدود کرنے کا فیصلہ امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی درخواست پر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 27 ستمبر سے احتجاج اور مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اسی سلسلے میں انٹرنیٹ سروسز ڈاؤن کی جائیں گی ، اس کے علاوہ آج رات سے پشاور اسلام آباد موٹر وے ایم ون آج رات گیارہ بجے سے جزوی بند کر دی جائے گی۔
موٹر وے ایم ون بھی بند کرنے کا فیصلہ
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا تھا کہ موٹروے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ سے چھچھ انٹرچینج تک کل بدھ کی شام سے ٹریفک کے لیے بند رہے گی، اسلام آباد ٹول پلازہ، فتح جنگ، ترنول اور سنگجانی انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق براہمہ باہتر، برہان، ہزارہ موٹروے، غازی اور چھچھ انٹرچینج بھی بند کر دیئے جائیں گے۔موٹروے ایم 14 ہکلہ سے کنڈل تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے بند رہے گی جبکہ ہکلہ، فتح جنگ، پنڈی گھیپ، کھڑپہ، تراپ اور داؤد خیل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔
موٹروے پولیس کے مطابق کوٹ بیلیاں، عیسیٰ خیل اور کنڈل انٹرچینج بھی بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ جی ٹی روڈ این 5 کو اٹک خورد کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا۔
ایم ٹو موٹروے لاہور سے اسلام آباد پر بھی بدھ سے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ بڑی گاڑیوں اور کورگو وہیکلز کے اسلام آباد داخلے پر پابندی ہو گی جبکہ ایم 2 اور ایم 3 پر موجود گاڑیوں کو کالا شاہ کاکو سے جی ٹی روڈ کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
موٹروے پولیس کے مطابق اسلام آباد جانے والی بڑی گاڑیوں کے لیے متبادل راستہ جی ٹی روڈ مقرر کیا گیا ہے۔سرکاری ٹی وی کے مطابق لاہور اسلام آباد موٹروے ایم ٹو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی۔



