اسٹارشپ کی اہم ترین آزمائشی پرواز، مدار تک پہنچنے میں بڑی کامیابی حاصل کرلی

اسپیس ایکس کا اسٹارشپ اپنی 14ویں آزمائشی پرواز کے دوران زمین کے مدار میں پہنچ گیا اور 26 نئے اسٹارلنک وی 3 سیٹلائٹس خلا میں چھوڑ دیے۔ مشن میں اسٹارشپ کے انجن، ہیٹ شیلڈ اور مستقبل میں دوبارہ استعمال کی صلاحیت کو جانچنے پر بھی توجہ دی گئی ہے۔
اسپیس ایکس کا اسٹارشپ اپنی 14ویں آزمائشی پرواز کے دوران زمین کے مدار میں پہنچ گیا ہے۔ اس پرواز میں خلائی جہاز کی کارکردگی، محفوظ واپسی اور دوبارہ استعمال کے لیے اس کی تیاری کو جانچا جا رہا ہے۔
پرواز کے ابتدائی مرحلے میں اسٹارشپ کے ویکیوم انجنوں میں سے ایک اچانک بند ہوگیا تھا، تاہم دیگر ضروری انجن کام کرتے رہے۔ صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد مشن کنٹرول نے اسٹارشپ کو مدار میں بھیجنے کا فیصلہ کیا اور ایک انجن کو دوبارہ مختصر وقت کے لیے چلایا گیا، جس کے بعد خلائی جہاز مدار کی جانب روانہ ہوگیا۔
ناسا کے سربراہ جیرڈ آئزک مین نے بھی اسٹارشپ کی پرواز پر اسپیس ایکس کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹارشپ کو مدار میں پہنچانا اور مشن کے ہر مرحلے کو محفوظ اور ذمہ دارانہ انداز میں مکمل کرنا قابلِ تحسین ہے۔ ان کے مطابق ناسا اور دیگر دل چسپی رکھنے والے افراد اسٹارشپ کے مشنز کو معمول کی پروازیں بنانے میں ممکنہ تعاون کے لیے پرجوش ہیں۔



