صحت

ایڑی میں درد معمولی بات نہیں!! یہ علامات نظر انداز نہ کریں

ایڑی میں درد پیروں سے متعلق عام شکایات میں شمار ہوتا ہے، جو عموماً ایڑی کے اندرونی یا پچھلے حصے میں محسوس ہوتا ہے، تاہم اس تکلیف کی علامات بھی مختلف ہوسکتی ہیں۔

بعض افراد کو ایڑی کے اطراف میں بھی تکلیف رہتی ہے، طبی ماہرین کے مطابق ایڑی پر ضرورت سے زیادہ دباؤ، مسلسل جسمانی سرگرمی یا چوٹ اس درد کی اہم وجوہات میں شامل ہیں۔

انسانی پیر میں 26 ہڈیاں، 33 جوڑ اور 100 سے زائد پٹھے اور دیگر عضلاتی ساختیں ہوتی ہیں، جبکہ ایڑی پیر کی سب سے بڑی ہڈی ہے۔

میڈیکل نیوز ٹو ڈے کی رپورٹ کے مطابق روزمرہ کے معمولات میں ایڑی پر پڑنے والا مسلسل دباؤ یا کسی قسم کی انجری بعض اوقات معمولی سے شدید درد کا سبب بن سکتی ہے۔

heel pain feel

ایڑی میں درد کی عام وجوہات
ایڑی میں تکلیف کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، جن میں پلانٹر فیشیائٹس (Plantar Fasciitis) نمایاں ہے۔ اس کیفیت میں پیر اور ایڑی کو سہارا دینے والے ٹشوز پر زیادہ دباؤ پڑنے سے سوزش یا نقصان پیدا ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں درد محسوس ہوتا ہے۔

اسی طرح ورزش یا کسی دوسری جسمانی سرگرمی کے دوران ایڑی پر چوٹ لگنے سے بھی درد ہوسکتا ہے۔

ایکیلس ٹینڈنائٹس (Achilles Tendinitis) بھی ایڑی کے درد کی ایک وجہ ہے، جس میں پنڈلی کے پٹھوں کو ایڑی کی ہڈی سے ملانے والے ایکیلس ٹینڈن میں سوزش یا انجری ہوجاتی ہے۔

اس کے علاوہ جوڑوں سے متعلق بعض بیماریاں اور پیر یا ٹخنے میں آنے والی موچ بھی ایڑی میں درد کا باعث بن سکتی ہے۔

کن صورتوں میں ڈاکٹر سے رجوع کریں؟
اگر ایڑی کا درد اچانک اور بہت شدید ہو، متاثرہ حصے پر سرخی یا سوجن پیدا ہوجائے یا چلنے پھرنے میں دشواری کا سامنا ہو تو طبی معائنہ کرانا ضروری ہے۔

اسی طرح اگر گھریلو احتیاط کے باوجود درد 2 سے 3 ہفتوں میں بہتر نہ ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے تاکہ اصل وجہ کا تعین کیا جاسکے۔

گھر پر کی جانے والی احتیاطی تدابیر
ایڑی میں معمولی درد کی صورت میں کچھ احتیاطی تدابیر تکلیف کم کرنے میں مددگار ہوسکتی ہیں۔ زیادہ دیر کھڑے رہنے یا ایسی سرگرمیوں سے گریز کریں جن سے درد بڑھتا ہو اور پیر کو مناسب آرام دیں۔

متاثرہ حصے پر روزانہ دو مرتبہ تقریباً 10 سے 15 منٹ تک برف کی ٹکور بھی کی جاسکتی ہے۔
ضرورت کے مطابق عام درد کش دوا (پین کلر) استعمال کی جاسکتی ہے، تاہم کسی بھی دوا کے باقاعدہ استعمال سے پہلے ڈاکٹر یا فارماسسٹ سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔

ایسے جوتے پہنیں جو پاؤں پر غیر ضروری دباؤ نہ ڈالیں اور آرام کے دوران پیر کو قدرے اونچا رکھنا بھی مفید ہوسکتا ہے۔

ایڑی کے درد سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟
ایڑی کو تکلیف سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب اور آرام دہ جوتوں کا انتخاب اہم ہے۔ ورزش یا دیگر جسمانی سرگرمیوں کے لیے ایسی فٹنس اور سپورٹ والے جوتے استعمال کیے جائیں جو اس سرگرمی کے لیے موزوں ہوں۔

اس کے علاوہ صحت بخش غذا استعمال کرنے، جسمانی وزن کو صحت مند سطح پر برقرار رکھنے اور پیر میں تھکن محسوس ہونے پر مناسب آرام کرنے سے بھی ایڑی پر غیر ضروری دباؤ کم کیا جاسکتا ہے۔

جسمانی سرگرمی کے دوران اچانک رفتار یا شدت بڑھانے کے بجائے اسے بتدریج بڑھانا بھی انجری کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker