گوگل نے نیا طاقتور اے آئی ماڈل جیمنائی 4 آرگون متعارف کروا دیا

گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نیا ماڈل ’’جیمنائی 4 آرگون‘‘ متعارف کرا دیا، جسے کمپنی نے اب تک کا سب سے طاقتور اے آئی ماڈل قرار دیا ہے۔
گوگل کے مطابق جیمنائی 4 آرگون کوڈنگ، تحقیق، تحریر اور دیگر پیچیدہ کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق ماڈل کی نمایاں خصوصیت سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں اس کی صلاحیت ہے، تاہم فی الحال اسے عام صارفین کے بجائے محدود سائبر پارٹنرز کے لیے دستیاب کیا گیا ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ آرگون کو دفاعی سائبر ورک کے لیے خصوصی طور پر تربیت دی گئی ہے اور یہ سافٹ ویئر کی کمزوریوں کی خودکار نشاندہی کرنے کے ساتھ انہیں دور کرنے میں بھی مدد کرسکتا ہے۔
گوگل کے مطابق کمپنی کے ملازمین ڈی بگنگ اور کوڈ بیس کی منتقلی سمیت روزمرہ کے کاموں میں بھی جیمنائی 4 آرگون استعمال کررہے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا ماڈل طویل اور پیچیدہ نوعیت کے کام مکمل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کے انداز میں نمایاں تبدیلی لا سکتا ہے۔
گوگل کے مطابق جیمنائی کی مقبولیت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اگست میں جیمنائی استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی تھی۔



