جرم
کراچی ائیرپورٹ پر خاتون مسافر سے ایک کروڑ روپے سے زائد کی غیرملکی کرنسی برآمد
کراچی ائیرپورٹ پر کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون مسافر سے ایک کروڑ روپے سے زائد کی غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی۔

کسٹم حکام کے مطابق خاتون مسافر دبئی جانے والی نجی پرواز سے سفر کر رہی تھی، مسافر نے کرنسی سے متعلق غلط بیانی اور غلط ڈیکلیریشن کی۔
کسٹم حکام نے بتایا کہ مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران مختلف غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی، برآمد کرنسی میں 33 ہزار 600 امریکی ڈالر، 300 یورو، 2 ہزار 570 برطانوی پاؤنڈ اور 19ہزار 815 اماراتی درہم برآمد کیے۔
کسٹم حکام کے مطابق برآمد شدہ کرنسی کی پاکستانی روپوں میں مجموعی مالیت ایک کروڑ 18 لاکھ روپے بنتی ہے، خاتون مسافر کی جانب سے مبینہ غلط ڈیکلیریشن پر کرنسی کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت ضبط کرلی گئی، خاتون مسافر کے خلاف مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔



