جلد صارفین پرانے اسمارٹ فونز پر واٹس ایپ کو بالکل بھی استعمال نہیں کرسکیں گے
بہت جلد آپ کچھ سال پرانے اسمارٹ فونز پر واٹس ایپ کو بالکل بھی استعمال نہیں کرسکیں گے۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ میٹا کی جانب سے پرانے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنے والے فونز میں واٹس ایپ لاگ ان کو بلاک کر دیا جائے گا۔
WAbetainfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے پرانے فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے وارننگ جاری کی جائے گی۔
یہ واٹس ایپ کے پرانے ورژن کی بجائے آپریٹنگ سسٹمز سے متعلق وارننگ ہوگی تو آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ کیے بغیر واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
اگر آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ کرنا ممکن نہیں ہوگا تو واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے نئے فون کی ضرورت ہوگی۔
ایک بار جب یہ وارننگ صارف کو نظر آئے گی تو صارف کے لیے ایپ تک رسائی ختم ہو جائے گی۔
یعنی وہ وارننگ کو نظرانداز کرکے واٹس ایپ پر لاگ ان نہیں ہوسکیں گے۔
رپورٹ میں یہ تو نہیں بتایا گیا کہ کونسے پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر لاگ ان بلاگ ہوگا۔
مگر ممکنہ طور پر یہ وارننگ چند برس پرانے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنے والے فونز پر نظر آئے گی۔
کمپنی نے حال ہی میں اینڈرائیڈ 5.0 اور 5.1 آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے فونز کے لیے سپورٹ ختم کرتے ہوئے اینڈرائیڈ 6 سپورٹ کو لازمی قرار دیا تھا۔
اسی طرح 30 نومبر 2026 سے آئی فونز میں واٹس ایپ سپورٹ کے لیے آئی او ایس 15.5 کی ضرورت ہوگی۔
تو لاگ ان بلاک کی وارننگ ممکنہ طور پر اس سے پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر کام کرنے والے فونز پر نظر آئے گی۔
ابھی تک سپورٹ ختم ہونے پر بھی صارفین واٹس ایپ کو میسجز بھیجنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں مگر اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد ایپ کو استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
البتہ کب تک اس کا مکمل اطلاق ہوگا، یہ فی الحال واضح نہیں۔



