دہائیوں پہلے گم ہونے والا بٹوہ مالک کو 51 سال بعد واپس مل گیا
اگر آپ کا بٹوہ یا والٹ گم ہو جائے تو چند دن بعد اس کے ملنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔

مگر ایک شخص کے ساتھ جو ہوا وہ دنگ کر دینے والا ہے کیونکہ اس کا گمشدہ بٹوہ 51 سال بعد اسے واپس مل گیا۔
جی ہاں واقعی یہ حیرت انگیز واقعہ کینیڈا میں سامنے آیا جہاں رچرڈ گیلوری نامی فرد کا بٹوہ 1975 میں کینیڈا کے علاقے ڈارٹ ماؤتھ میں گم ہوگیا تھا۔
ایک بڑھئی نے اس بٹوے کو ایک گھر کی مرمت کے دوران دریافت کیا۔
میٹی گولڈ اسمتھ اپنے ساتھیوں کے ساتھ گھر میں کام کر رہے تھے جب انہیں یہ بٹوہ فرش کے نیچے سے ملا۔
اس کے اندر بٹوے کے مالک کا ڈرائیور لائسنس، ہائی اسکول اسٹوڈنٹ آئی ڈی، تحریری برتھ سرٹیفکیٹ اور ایک ڈالر کے نوٹ کے ساتھ ایک تھیٹر ڈرامے کا ٹکٹ موجود تھا۔
میٹی گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا کے ذریعے بٹوے کے مالک کو ڈھونڈنے کی کوشش کی اور ان کی پوسٹ نے ڈونا گیلوری نامی خاتون کی توجہ حاصل کی۔
خاتون نے شناخت کیا کہ بٹوے میں موجود اشیا ان کے شوہر رچرڈ گیلوری سے تعلق رکھتی ہیں۔
اس طرح یہ بٹوہ 51 سال بعد واپس رچرڈ گیلوری کے پاس پہنچ گیا۔
انہوں نے کہا کہ ‘میں واقعی اس دریافت سے بہت زیادہ حیران ہوا اور خوش بھی ہوں کہ یہ مجھے واپس مل گیا ہے’۔
رچرڈ گیلوری نے بتایا کہ انہیں یہ تو یاد تھا کہ 51 سال قبل گھر میں ان کا بٹوہ گم ہوگیا تھا مگر اس میں موجود چند اشیا نے انہیں حیران کیا۔
جیسے انہیں یہ یاد نہیں تھا کہ انہوں نے 1975 میں تھیٹر ڈرامے کو دیکھا تھا جبکہ ڈیڑھ ڈالر کے ٹکٹ نے بھی انہیں حیران کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اپنے ہاتھ سے لکھے برتھ سرٹیفکیٹ کو بٹوے میں دیکھ کر بھی مجھے حیرت ہوئی اور مجھے کوئی اندازہ نہیں کہ میرے والدین نے اسے آخر مجھے دیا کیوں تھا’۔



