پی آئی اے نے دو جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنر حاصل کرنے کا معاہدہ کرلیا

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سفری طلب کو پورا کرنے اور طویل فاصلے کی بین الاقوامی پروازوں کی گنجائش میں اضافے کے لیے ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک کے ساتھ دو جدید بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے حاصل کرنے کا معاہدہ کرلیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق معاہدے کے تحت نورس اٹلانٹک پی آئی اے کو دو بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے اے سی ایم آئی (ACMI) بنیادوں پر فراہم کرے گی۔
اس معاہدے کے تحت طیاروں کے ساتھ عملہ، دیکھ بھال اور انشورنس کی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں، اس انتظام کے ذریعے پی آئی اے کو اپنے طویل فاصلے کے فضائی آپریشنز میں توسیع کے لیے اضافی گنجائش میسر آئے گی۔
معاہدے کے تحت حاصل کیے جانے والے جدید طیاروں کے ذریعے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی رابطوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔
نئے طیاروں کے ذریعے پروازوں کا آغازنومبر 2026 کے اوائل میں متوقع ہے جبکہ لندن ہیتھرو اورمانچسٹر سے لاہور اور اسلام آباد کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔



