پاکستانیوں کے لیے اہم خبر! 15 اکتوبر سے پاسپورٹ بنوانے کا طریقہ تبدیل
اسلام آباد: دوحہ میں پاکستانی سفارت خانے میں ای پاسپورٹ سروس کا آغاز ہورہا ہے ، 15 اکتوبر سے مشینی ریڈ ایبل پاسپورٹ کی درخواستیں موصول نہیں کی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ای پاسپورٹ سروس کا آغاز 15 اکتوبر سے ہوگا، جس کے بعد پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) کی درخواستیں وصول اور پراسیس نہیں کی جائیں گی۔
قطر میں واقع سفارت خانے نے پاکستانی برادری کو مطلع کیا ہے کہ 15 اکتوبر سے بیرون ملک پاکستانی مشنز میں پاسپورٹ کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کو ای پاسپورٹ سروس فراہم کی جائے گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ 15 اکتوبر سے قبل جاری کیے گئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اپنی مقررہ میعاد ختم ہونے تک قابلِ استعمال رہیں گے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست دینے سے قبل متعلقہ پاکستانی سفارت خانے یا قونصل خانے سے فیس اور درخواست کے طریقہ کار سے متعلق معلومات حاصل کرلیں۔
خیال رہے پاکستانی مشنز کے مطابق ای پاسپورٹ ایک جدید اور محفوظ بائیومیٹرک سفری دستاویز ہے، جس میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل ہیں۔
اس اقدام کا مقصد بین الاقوامی سفر کو مزید محفوظ اور مؤثر بنانا ہے۔



