پاکستان

بحریہ ٹاؤن کراچی میں داخلے کے لیے فیس عائد، رہائشیوں کے لیے نیا انٹری سسٹم نافذ

بحریہ ٹاؤن کراچی کی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے پیشِ نظر گاڑیوں کی آمد و رفت کو کنٹرول کرنے کے لیے نیا انٹری سسٹم متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت یکم نومبر 2026 سے تمام رہائشیوں اور تجارتی اداروں کے لیے مخصوص آر ایف آئی ڈی (ریڈیو فریکوئنسی آئڈنٹیفکیشن) کارڈز کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ اطلاع کے مطابق اس اقدام کا مقصد بحریہ ٹاؤن میں تحفظ اور آمد و رفت کے عمل کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔

نئے قواعد و ضوابط کے مطابق بحریہ ٹاؤن کے رہائشیوں کے لیے آر آئی ایس (ریذیڈنٹ انفارمیشن سسٹم) جبکہ تجارتی اداروں کے مالکان اور ان کے عملے کے لیے سی آئی ایس (کمرشل انفارمیشن سسٹم) کارڈز کا ہونا ضروری ہوگا۔

درست کارڈز کے حامل افراد اور رہائشیوں کی جانب سے پورٹل پر پہلے سے درج شدہ مہمانوں کا داخلہ مفت ہوگا، جبکہ کارڈ نہ رکھنے والی دیگر تمام گاڑیوں کو طے شدہ زمرہ جات کے مطابق انٹری ٹکٹ اور مقررہ فیس ادا کر کے ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔

انتظامیہ نے تمام رہائشیوں، تاجروں اور ان کی گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ یکم نومبر کی ڈیڈ لائن سے قبل اپنے اور اپنی گاڑیوں کے کارڈز کا حصول یقینی بنائیں، تاکہ مرکزی گیٹ پر کسی بھی قسم کی تاخیر، زحمت یا اضافی انٹری فیس کی ادائیگی سے بچا جا سکے۔

اس کے علاوہ گھروں میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے بھی بحریہ ٹاؤن کے سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ سے شناختی کارڈ کا حصول لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کی ذمہ داری مالکان پر عائد کی گئی ہے۔

بحریہ ٹاؤن انتظامیہ نے تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ رجسٹریشن کے اس عمل کو مکمل کرنے اور اپنے مہمانوں کی گاڑیوں کا اندراج پیشگی طور پر کرنے کے لیے بحریہ ٹاؤن کراچی کی ویب سائٹ پر قائم پورٹل کا استعمال کریں، تاکہ یکم نومبر سے نئے حفاظتی نظام کا نفاذ بلا تعطل ممکن بنایا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker