پاکستان اور عمان کے درمیان چھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ

پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے چھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ کیا گیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے آٹھویں پاک عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تحت سفارتی، خصوصی، سرکاری اور سروس پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے باہمی ویزا استثنیٰ کا معاہدہ شامل ہے جبکہ ریکارڈز اور آرکائیوز کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
اس کے علاوہ پاکستان اور عمان نے اطلاعات و نشریات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان خبروں کے تبادلے اور میڈیا کے شعبے میں تعاون کے لیے بھی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
دفتر خارجہ کے مطابق چھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔



