موسم

پاکستان کے بالائی علاقوں میں موسمِ سرما کا آغاز: برف باری اور برسات جاری

ملک کے بالائی علاقوں میں موسمِ سرما نے باضابطہ دستک دے دی ہے، جہاں دیر بالا، وادیِ کاغان اور آزاد کشمیر کے پہاڑوں پر ہلکی برف باری اور وادیِ نیلم سمیت مختلف علاقوں میں برسات کے بعد سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ کوہاٹ اور اورکزئی میں بارش کے بعد یخ بستہ ہوائیں چلنے سے وادی میں ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز صوبے کے مختلف اضلاع جن میں پشاور، کرم، خیبر، مردان، مہمند، نوشہرہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، دیر، سوات اور چترال شامل ہیں، میں وقتاً فوقتاً بارش ریکارڈ کی گئی۔

دیر بالا کے عشیری درہ، کمراٹ اور لواری کے پہاڑی سلسلوں پر ہلکی برف باری سے وادی کا منظر سفید ہو گیا ہے اور میدانی علاقوں میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ چترال، سوات، دیر، ملاکنڈ، بونیر، شانگلہ، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، باجوڑ، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، بنوں اور وزیرستان کے علاقوں میں بارش اور گرج چمک کا یہ سلسلہ آئندہ روز بھی جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث بالائی علاقوں میں درجہ حرارت مزید گرنے کی توقع ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker