پاکستان میں ایوی ایشن سکیورٹی عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کیلئے 12 ارب کا منصوبہ

پاکستان میں ایوی ایشن سکیورٹی کو عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے لیے 12 ارب روپے کا منصوبہ سامنے آگیا۔
منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں ملک کے 4 بڑے ائیرپورٹس پر جدید سکیورٹی نظام قائم کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور ائیرپورٹس پر جدید سکیورٹی آلات و ٹیکنالوجی کی تنصیب کی جائے گی جبکہ سرچنگ کے لیے جدید ہینڈ بیگیج اور ہولڈ بیگیج سی ٹی اسکینرز کی خریداری کی جائے گی۔
مسافروں کی بین الاقوامی طرز کی سرچنگ کے لیے فل باڈی اسکینرز، کارگو و گاڑیوں کی اسکیننگ کے جدید ترین سسٹمز بھی نصب ہوں گے جبکہ جدید ایوی ایشن سیکورٹی سے متعلقہ کمیونیکشن آلات کی خریداری بھی منصوبے کا اہم حصہ ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے میں شامل جدید اسکیننگ ٹیکنالوجی سے ایوی ایشن سکیورٹی مزید مستحکم ہوگی، جدید آلات سے مسافروں کی سہولت اور آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔



