صحت

چائے پینا پسند کرتے ہیں؟ تو اس کا یہ اثر ضرور جان لیں

چائے ایک ایسا مشروب ہے جو پاکستان میں بہت زیادہ پیا جاتا ہے اور بیشتر افراد تو اس کے بغیر زندگی کا تصور بھی نہیں کرسکتے۔

مگر کیا یہ مشروب دل کی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے؟ اس کا جواب ایک نئی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔

جرنل آف انٹرنل میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ لوگ جس طرح چائے تیار کرکے پیتے ہیں، وہ دل کی صحت پر اثر انداز ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 30 سے 79 سال کی عمر کے 4 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔

ان افراد نے چائے پینے کی عادات کو رپورٹ کیا تھا جیسے وہ روزانہ کتنے کپ چائے پیتے ہیں، چائے کی کونسی قسم کو ترجیح دیتے ہیں اور کتنی گرم چائے پینا پسند کرتے ہیں۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 9 سال تک لیا گیا جس دوران دل کے مختلف امراض جیسے ہارٹ اٹیک، فالج اور دل کی شریانوں کے امراض کے 14 ہزار 800 سے زائد کیسز سامنے آئے۔

تحقیق میں دریافت ہوا کہ جو افراد ہر ہفتے کم از کم 3 دن چائے پیتے ہیں، ان میں امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ 11 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔

تمام تر عناصر جیسے عمر، تمباکو نوشی، جسمانی سرگرمیوں، جسمانی وزن اور طبی مسائل کو مدنظر رکھنے کے باوجود چائے کے استعمال سے خطرے میں کمی کو ریکارڈ کیا گیا، البتہ تمباکو نوشی سے گریز کرنے والے افراد کو زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق اعتدال میں رہ کر چائے پینا دل کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور سیاہ چائے اس حوالے سے بہترین ہوتی ہے۔

مگر جو افراد بہت زیادہ گرم چائے پینا پسند کرتے ہیں، ان میں امراض قلب کا خطرہ کم ہونے کی بجائے 16 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں جو افراد نیم گرم چائے پینا پسند کرتے ہیں، ان میں یہ خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

محققین نے تسلیم کیا کہ نتائج کسی حد تک محدود ہیں کیونکہ ان کے لیے لوگوں کی جانب سے بیان کردہ تفصیلات پر انحصار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ نتائج کو ٹھوس قرار دیا جاسکے۔

خیال رہے کہ چائے میں قدرتی طور پر اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور پولی فینولز نامی مرکبات موجود ہوتے ہیں اور ورم کش ہوتے ہیں۔

یہ مرکبات ممکنہ طور پر خون کی شریانوں میں موجود خلیات کو تحفظ فراہم کرتے ہیں جس سے بلڈ پریشر کم ہوتا ہے جبکہ دل پر دباؤ گھٹ جاتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker