جرم

امریکی شہریوں سے 35 ارب روپے کے فراڈ کے ملزم کا جسمانی ریمانڈ منظور

امریکی شہریوں سے 35 ارب روپے کے فراڈ کے ملزم فہیم اکرم کو عدالت نے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزم اگست 2023 سے ویب سائٹ چلا رہا تھا اور 5 ملین سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے۔ فراڈ نیٹ ورک کے لیے خاندان کے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے۔

این سی سی آئی اے نے ملزم کا 30 روزہ جسمانی ریمانڈ مانگا، عدالت نے ملزم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ عدالت نے ملزم کو دوبارہ 26 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

واضح رہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے امریکیوں کو جعلی ڈاک ٹکٹوں کی فروخت کے مرکزی ملزم فہیم اکرم کو گزشتہ روز لاہور سے گرفتار کر لیا تھا۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق تفتیشی ٹیموں نے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 122 کال ڈیٹا ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا۔ اس دوران ملزم کا سراغ لگانے کے لیے دس روز تک لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا۔

ملزم کی گرفتاری کے لیے 35 مقامات پر چھاپے مارے گئے جب کہ 47 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ اس گرفتاری کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔

امریکی انتظامیہ نے بھی فہیم اکرم کی گرفتاری کے لیے ایک لاکھ ڈالر کا انعام مقرر کر رکھا ہے۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق فہیم اکرم پر جعلی ڈاک اسکیم چلانے کا الزام ہے جس سے امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker