لسبیلہ میں دو مسافر گاڑیوں میں تصادم میں 12 مسافر جاں بحق ، 20 سے زائد زخمی

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں دو مسافر گاڑیوں میں تصادم کے باعث کم ازکم 12مسافر ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
سرکاری حکام کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کے روز ضلع میں وندر کے قریب پیش آیا۔
فون پر رابطہ کرنے پر ایس ایس پی لسبیلہ نجیب اللہ پندرانی نے بتایا کہ تصادم ایک مسافر کوچ اور ایک مسافر ویگن کے درمیان ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسافر کوچ گوادر سے کراچی کی جانب جارہی تھی جبکہ ویگن کراچی سے لسبیلہ کی جانب آرہی تھی۔
انھوں نے بتایا کہ تصادم کی شدت کے باعث دونوں گاڑیوں کو نقصان پہنچا لیکن مسافر کوچ کے مقابلے میں ویگن کو زیادہ نقصان پہنچا۔
ان کا کہنا تھا کہ تصادم کی وجہ سے دونوں گاڑیوں میں سوار کم ازکم 12افراد ہلاک جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ضلعی پولیس کے سربراہ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پانچ خواتین بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
انھوں نے کہا کہ واقعے کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔
بلوچستان میں کوئٹہ اور کراچی کے درمیان اس شاہراہ پر زیادہ حادثات پیش آتے ہیں اور ان میں بڑی تعداد میں ہلاکتوں کی وجہ سے اس شاہراہ کو خونی شاہراہ بھی کہا جاتا ہے۔
اس شاہراہ کا شمار بلوچستان میں مصروف ترین بین الصوبائی شاہراہوں میں ہوتا ہے ۔ سرکاری حکام کے مطابق اس شاہراہ پر حادثات کی بڑی وجوہات میں سے ایک اس کا سنگل ٹریک ہونا ہے جبکہ دوسرا اوور سپیڈنگ ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق کوئٹہ اور کراچی کے درمیان اس شاہراہ کو دو رویہ بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔



