وزیراعظم کی جانب سے آئندہ 48 گھنٹوں میں بڑے عوامی ریلیف کے اعلان کا امکان

وزیراعظم کے معاون خصوصی حذیفہ رحمان نے عوام کو بڑی امید دلاتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران عوامی ریلیف سے متعلق ایک بڑا اعلان کر سکتے ہیں اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا تار ڑنے بھی وزیراعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کے پاس اعلان کرنے کیلئے اہم چیز ہے۔
تفصیلات کے مطابق حذیفہ رحمان کا کہناتھا کہ وزیراعظم کااہم اعلان عوامی ریلیف سے متعلق ہو گا، اس اعلان میں عوام کے لیے بہت اچھی خبر ہو گی، 48گھنٹوں تک وزیراعظم کے اعلان کا انتظار کیا جائے، چند گھنٹوں میں عوام کو بہت اچھی خبر ملے گی،
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ اگر تشہیر کی جا رہی ہے تو پھر ریلیف بھی اسی معیار کا ہو گا،اگر عوام کی توقعات ہیں تو پھر ان پر پورا اتریں گے، ایسی خبر ملے گی کہ جس سے عوام کو ریلیف کا احساس ہو گا،پیٹرول کی قیمتیں کم ہوں گی تو پھر دیگر چیزیں بھی کم ہوں گی، ممکن ہے یہ اعلان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ہو،چند روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں،مزیدبھی ہوں گی۔
وزیر اطلاعات عطاتارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی تجسس بھرا ٹویٹ کیا جو کہ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گیاہے ، انہوں نے بھی وزیراعظم کی جانب سے بڑے اعلان کی نوید سنائی اور کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کے پاس اعلان کرنے کیلئے کچھ اہم چیز ہے،وزیراعظم خود جلد اعلان کریں گے، ہمارے ساتھ جڑے رہیں۔ سوشل میڈیا حلقوں میں وزیر اطلاعات کے ٹویٹ پر مختلف نوعیت کے تبصرے جاری ہیں۔



