لیونل میسی کو شاہی اعزاز سے نواز دیا گیا

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کو اسپین میں 2026 کے باوقار پرنسس آف آسٹوریاس ایوارڈ فار اسپورٹس سے نواز دیا گیا، جس کے بعد وہ انفرادی حیثیت میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔
لیونل میسی کو رواں سال جون میں اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے رائٹرز کے مطابق لیونل میسی کے سابق کلب ایف سی بارسلونا نے تاریخی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ میسی کا غیر معمولی ٹیلنٹ، میدان کے اندر اور باہر ان کی کارکردگی، کھیل سے وابستگی اور سماجی خدمات قابل فخر ہیں۔
کلب نے کہا کہ میسی کے ساتھ اس کا تعلق ہمیشہ فخر کا باعث رہے گا۔
واضح رہے کہ لیونل میسی نے اپنے کیریئر کے 21 سال ایف سی بارسلونا کے ساتھ گزارے، جہاں انہوں نے متعدد ملکی اور یورپی ٹرافیاں جیتیں۔ 2021 میں بارسلونا چھوڑنے کے بعد وہ فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کا حصہ بنے، جبکہ اس وقت امریکی کلب انٹر میامی کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
میسی اب تک ریکارڈ آٹھ مرتبہ بیلن ڈی آر ایوارڈ جیت چکے ہیں، جبکہ ان کی قیادت میں ارجنٹائن نے فٹبال ورلڈ کپ بھی اپنے نام کیا۔



