میں ہائی جیک کررہا ہوں‘ موبائل فون میں دھمکی کا پیغام لکھنے پر پرواز کی ہنگامی لینڈنگ

امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس سے نیو جرسی کے لیے روانہ ہونے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز یو اے 1681 کو ہائی جیکنگ کے شبہ پر واپس اتار لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ٹیک آف کے محض 20 منٹ بعد پرواز 24,000 فٹ کی بلندی پر تھی کہ مسافروں کے پاس سے گزرتے ہوئے ایک ائیرہوسٹس کی عقابی نظر 25 سالہ مسافر ڈینٹے ملن کے موبائل فون پر پڑی اور پیغام بھیجنے خانے میں ڈرافٹ کو دیکھ کر وہ الرٹ ہوگئی۔
نوجوان نے پیغام لکھا تھا کہ "gonna hijack this” (میں اسے ہائی جیک کرنے جا رہا ہوں) مسافر نے یہ بھی لکھا تھا کہ "crash ur row only” (صرف تمہاری قطار کو تباہ کروں گا)۔
یہ مشکوک اور خطرناک پیغام دیکھ کر فضائی میزبان نے فوراً پائلٹ کو مطلع کیا جس پر پائلٹ نے کاک پٹ کو لاک ڈاؤن کر دیا اور ائیر ٹریفک کنٹرولر کو غیر معمولی صورتحال سے آگاہ کیا اور ہدایت ملنے پر پائلٹس نے پرواز کو واپس موڑ لیا۔
24 اکتوبر کو پیش آئے واقعے پر پائلٹ نے رپورٹ کیا کہ عملے نے مسافر کو شک کا احساس نہیں ہونے دیا تاکہ وہ کوئی گڑبڑ نہ کرے۔ مسافر بالکل پرسکون رہا کیونکہ اسے معلوم ہی نہیں تھا کہ اس کے میسج کی وجہ سے پورا جہاز واپس جا رہا ہے۔
لاس ویگاس ائیرپورٹ پر جہاز کی محفوظ لینڈنگ کے بعد پولیس نے جہاز کے اندر ہی کارروائی کرتے ہوئے 25 سالہ ملزم مسافر کو دہشت گردی کی دھمکیاں دینے اور جھوٹی معلومات پھیلانے کے جرم میں گرفتار کر لیا۔ طیارے میں 150 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے جو سب محفوظ رہے۔
ایوی ایشن سکیورٹی پروٹوکول کے تحت ایسی کسی بھی تحریر یا دھمکی کو انتہائی سنگین خطرہ مانا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ عملے نے فوری ایکشن لیا۔



