ملک کیلئے بڑا اعزاز، پاکستانی رکشے اب بیرون ملک بھی چلیں گے

پاکستانی آٹو موبائل کمپنی سَزگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ نے فلپائن کی مارکیٹ میں قدم رکھتے ہوئے ملک میں تھری وہیلر گاڑیوں کی تیاری اور اسمبلنگ کا پلانٹ قائم کردیا ہے جو پاکستان سے باہر کمپنی کی پہلی پیداواری تنصیب ہے۔
فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے قریب صوبے لگونا کے شہر بیان میں قائم پلانٹ کا افتتاح فلپائنی صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے جمعے کے روز کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری ملک کے صنعتی شعبے کو مضبوط بنانے اور الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کی جانب اہم پیشرفت ہے۔
فلپائنی صدر کے مطابق پلانٹ میں سالانہ تقریباً 12 ہزار تھری وہیلر گاڑیاں اسمبل کرنے کی صلاحیت ہوگی، جن میں الیکٹرک اور روایتی انجن والے رکشے شامل ہیں۔
منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں مجموعی پیداوار کا 60 فیصد الیکٹرک جبکہ 40 فیصد روایتی رکشوں پر مشتمل ہوگا] مارکیٹ میں طلب اور صنعت کی ترقی کے ساتھ الیکٹرک گاڑیوں کا تناسب مزید بڑھانے کی توقع ہے۔
صدرمارکوس نے بتایا کہ اس منصوبے سے فلپائنی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ بیٹریوں، شیشوں، گاڑیوں کی اندرونی آرائش، ربڑ اور لبریکینٹس سمیت مختلف پرزہ جات کے مقامی سپلائرز کو بھی کاروبار کے مواقع ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ہر گاڑی کی مجموعی مالیت کا کم از کم 25 فیصد حصہ مقامی سطح پر تیار ہونے والے پرزہ جات اور خدمات سے حاصل ہوگا، کمپنی سے توقع ہے کہ وہ مقامی سطح پر خریداری بڑھائے گی اور مستقبل میں گاڑیوں کے تمام پرزہ جات ملک کے اندر تیار کرنے کی جانب پیشرفت کرے گی۔



