وزیر اعلیٰ کی درخواست پر بلوچستان کے طلبہ کے لیے 10 کروڑ روپے کی اسکالرشپس دیں گے، چیئرمین یو ایم ٹی لاہور

کوئٹہ/لاہور(این این آئی ) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) لاہور نے بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم اور جدید تربیت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے 10 کروڑ روپے کی اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا ہے، جبکہ کوئٹہ میں طلبہ کے لیے اسٹڈی سینٹر اور خصوصی تربیتی مرکز بھی قائم کیا جائے گا۔ یہ اعلانات یو ایم ٹی لاہور کے چیئرمین و صدر ابراہیم حسن مراد نے ہفتہ کو یونیورسٹی کے کانووکیشن کے موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی درخواست پر کیے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے نوجوانوں کو معیاری اعلیٰ تعلیم تک رسائی دینے اور ان کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے کے لیے تعلیمی اداروں کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے یو ایم ٹی کی جانب سے بلوچستان کے طلبہ کے لیے خصوصی اسکالرشپس اور کوئٹہ میں تعلیمی و تربیتی مرکز کے قیام کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے صوبے کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم تعلیمی موقع قرار دیا۔یو ایم ٹی لاہور کی جانب سے اعلان کردہ 10 کروڑ روپے کے اسکالرشپ فنڈ سے بلوچستان کے مستحق اور باصلاحیت طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم ہوگی، جبکہ کوئٹہ میں قائم ہونے والا اسٹڈی سینٹر اور خصوصی تربیتی مرکز مقامی طلبہ کو تعلیمی رہنمائی اور تربیت کے مواقع ان کے اپنے صوبے میں فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس اقدام کو بین الصوبائی تعلیمی تعاون، قومی یکجہتی اور بلوچستان کے نوجوانوں کی تعلیمی ترقی کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے



