پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے پوری طرح پرعزم ہے لیکن ہم یمن کے اس تنازعے کا حصہ نہیں ہیں، ترجمان پاک فوج

پاکستان کی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد سعودی عرب کے دفاع کے لیے پوری طرح پرعزم ہے تاہم انہوں نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان اس بات پر زور دیا ہے کہ پاکستان ’اندرونی یمنی تنازع‘ کا حصہ نہیں ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ان کا یہ بیان ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے شہروں، ہوائی اڈوں اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر گزشتہ چند ہفتوں سے جاری حملوں کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔یہ حملے رواں ہفتے بھی جاری رہے اور یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے اتحادی فورسز نے جمعے کے روز بتایا کہ انہوں نے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی طرف داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل اور ریاض کے اوپر ایک ڈرون کو فضا ہی میں تباہ کر دیا ہے۔ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جمعے کو خبر رساں ادارے روئٹرز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا ’ہم اپنے معاہدوں کی پاسداری، اپنے باہمی تعلقات اور اپنی خواہشات کے مطابق سعودی عرب اور حرمین شریفین کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔‘جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس معاہدے کے تحت مزید پاکستانی افواج سعودی عرب بھیجی جا رہی ہیں، تو لیفٹیننٹ جنرل چوہدری نے کہا کہ اس کا انحصار صورتحال اور دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کے فیصلے پر ہو گا۔



