جرم
مظفر گڑھ: بھائی نے زمین کے تنازع پر 8 ماہ کی حاملہ بہن کو قتل کردیا
مظفرگڑھ میں وراثتی زمین کے تنازع پر بھائی نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنی حاملہ بہن کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتولہ کی ساس کی مدعیت میں تھانہ جتوئی میں درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق ساس نے بتایا کہ اس کی بہو ایک بچے کی ماں اور 8 ماہ کی حاملہ تھی، ملزم اپنی بہن کو وراثت میں ملنے والی 4 کنال سے زائد زمین اپنے نام کرانا چاہتا تھا۔
ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ اپنے بھائی کے لیے دکان سے کولڈ ڈرنک لے کر آئی جسے پینے کے بعد ملزم نے بہن سے زمین کی منتقلی کا مطالبہ کیا لیکن انکار پرملزم نے اسے گولی مار دی اور فرارہوگیا۔
مقدمے کے مطابق مقتولہ ممتاز مائی کا شوہر محنت مزدوری کے سلسلے میں سعودی عرب میں مقیم ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔



