یورپ میں دو دن میں 8 مسافر طیاروں میں بم کی جھوٹی اطلاعات، فضائی آپریشنز شدید متاثر

یورپ میں 2 دن میں 8 مسافر طیاروں کو بم کی فرضی دھمکیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے باعث فضائی آپریشنز میں شدید خلل دیکھا گیا اور کئی ائیرپورٹس پر ہنگامی حالت نافذ کرنا پڑی۔
2 دن میں 8 مسافر طیاروں کو بموں کی جھوٹی دھمکیوں کے باعث ہزاروں مسافر پریشانی کا شکار ہوئے۔ منظم سلسلے کی وجہ سے کئی ائیرپورٹس پر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی اور فضائی آپریشنز میں شدید خلل پڑا۔
خوش قسمتی سے تمام طیارے محفوظ رہے اور تلاشی کے دوران کہیں بھی کوئی بارودی مواد نہیں ملا۔
اس لہر کے دوران یورپ کے مختلف حصوں میں پروازوں کو ہنگامی اقدامات کا سامنا کرنا پڑا۔
فلائٹ ڈیٹا کے مطابق پولینڈ وارسا سے لندن ہیتھرو کی LOT پالش ائیر لائنز کی پرواز کو بم کی دھمکی کے بعد وارسا موڈلن ائیرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا۔
کوپن ہیگن سے وارسا آنے والی ایس او ایس کی پروازکو بھی ایسی دھمکی ملی۔ اسپین سے مانچسٹر کی ریان ائیر کی پرواز کو لینڈنگ کے فوراً بعد خالی کروا کر اینٹی ٹیررازم اسکواڈ نے گھیرے میں لے لیا اور تلاشی لی۔
بلغاریہ صوفیہ، اسرائیل تل ابیب اور اٹلی برگامو سے آنے والی پروازوں کو ای میل کے ذریعے بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔



