تاجر ہاشم نورزئی کے قتل میں ملوث ملزم سعد اللہ نورزئی کو گرفتار کر لیا ، سٹریٹ کرائمز میں 30 فیصد کمی ہوئی، ڈی آئی جی عمران شوکت

تاجر ہاشم نورزئی کے قتل میں ملوث ملزم سعد اللہ نورزئی کو گرفتار کر لیا ، سٹریٹ کرائمز میں 30 فیصد کمی ہوئی، ڈی آئی جی عمران شوکت
🔶 کوئٹہ: ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے کہا ہے کہ سریاب روڈ پر دو افراد کے قتل اور بینک ڈکیتی کے واقعات کی تحقیقات جاری ہیں، جبکہ بینک ڈکیتی کی تحقیقات محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ بینک ڈکیتی میں ایک کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا پہلو بھی زیرِ تفتیش ہے، جبکہ بینک کی جانب سے غفلت کا عنصر بھی سامنے آیا ہے۔
🔶 پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی عمران شوکت نے کہا کہ پولیس کی صفوں میں موجود کالی بھیڑوں کے لیے کوئی جگہ نہیں اور عوامی شکایات کی بنیاد پر پولیس افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں بھی کی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
🔶 عمران شوکت کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں کوئٹہ میں سٹریٹ کرائمز میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے، جبکہ پولیس نے قتل کے 87 فیصد مقدمات حل کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسداد جرائم کے لیے عوام نے بھی پولیس کے ساتھ تعاون کیا ہے اور ہراسگی کے رپورٹ ہونے والے واقعات پر کارروائیاں جاری ہیں۔
🔶 ڈی آئی جی پولیس نے بتایا کہ رواں سال سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کے دوران 20 پولیس مقابلے ہوئے، جن میں 20 ملزمان ہلاک اور 27 زخمی ہوئے، جبکہ مجموعی طور پر 150 پولیس مقابلوں میں بھی ملزمان مارے گئے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے حکومت، عوام اور سکیورٹی فورسز ایک پیج پر ہیں اور سی ٹی ڈی بھی مؤثر انداز میں کام کر رہی ہے۔



