فرانس کا ایران کے پاسداران انقلاب پر سائبر حملے میں سپر مارکیٹس کے ریفریجریٹر ہیک کرنے کا الزام

فرانس نے ایران پر سپر مارکیٹس کے ریفریجریٹرز اور فریزرزکا درجہ حرارت خطرناک حد تک بڑھنے کا سبب بننے والے سائبر حملے کا الزام عائد کیا ہے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئیل بارو نے کہا کہ یہ حملہ ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے کیا گیا ہے۔
انہوں نے اس سائبر حملے کو ’اپنی وسعت اور جارحیت میں غیر معمولی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرانس اس حملے کے ذمہ دار تمام افراد کے خلاف ’یورپی سطح پر پابندیاں عائد کرے گا‘۔
گزشتہ ماہ ہونے والے اس سائبر حملے کے نتیجے میں پورے فرانس میں سیکڑوں سپر مارکیٹس کے ریفریجریٹر اور فریزر کا درجہ حرارت بڑھادیا گیا تھا جس سے لاکھوں یورو مالیت کی تازہ اور منجمد اشیائے خور و نوش خراب ہو گئی تھیں۔
اس کے بعد گزشتہ ہفتے 7 دیگر یورپی ممالک میں بھی درجنوں سپر مارکیٹس ایک ایسے ہی سائبر حملے سے متاثر ہوئیں جس میں ریفریجریٹر اور فریزرز کو نشانہ بنایا گیا۔ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا ان واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے۔
علاوہ ازیں پیر کے روز پیرس کی پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ایران کے اسلامی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ ایک سائبر یونٹ کے سربراہ اور ان کے دو نائب افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 11 اکتوبر کو ہیکرز نے اس سافٹ ویئر کا کنٹرول حاصل کر لیا تھا جو فرانس کی کئی سپر مارکیٹس میں استعمال ہونے والے ریفریجریشن یونٹس کے درجہ حرارت کو کنٹرول کرتا ہے۔
اس حملے سے تقریباً 200 اسٹورز متاثر ہوئے تھے اطلاعات کے مطابق بعض اسٹورز میں راتوں رات ریفریجریٹرز کا درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ گیا تھا۔



