ساؤتھ ایئر نے پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کر دیں

پاکستان کی مقامی ایئرلائن ’ساؤتھ ایئر‘ نے پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی سروس کا آغاز کر دیا ہے۔ ایئرلائن کے مطابق اس روٹ پر پرواز کا دورانیہ تقریباً 50 منٹ سے ایک گھنٹہ ہوگا۔
پاکستان کے دو بڑے شہروں پشاور اور لاہور کے درمیان براہِ راست فضائی رابطہ بحال ہوگیا ہے۔ ساؤتھ ایئر نے علامہ اقبال ڈے کے موقع پر اس روٹ پر اپنی پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
اس نئے روٹ پر فضائی سروس شروع ہونے سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو ایک اضافی سہولت میسر آئے گی جب کہ دونوں شہروں کے درمیان آمدورفت میں لگنے والے وقت میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔
ابتدائی طور پر ساؤتھ ایئر اس روٹ پر ہفتے میں چار پروازیں چلائے گی۔ اس سروس کے ذریعے پہلی پرواز کی روانگی کا وقت آج دوپہر تقریباً ایک بج کر 10 منٹ طے تھا۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے 9 نومبر سے پشاور اور لاہور کے درمیان فضائی روٹ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں شہروں کے درمیان براہِ راست پروازوں سے بالخصوص پشاور کے شہریوں کو سفر کی بہتر سہولت ملے گی۔
محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ پشاور سے کوئٹہ کے لیے فضائی سروس کی کامیابی کے بعد لاہور اور پشاور کے درمیان فضائی رابطہ بحال ہونے جارہا ہے۔



