بلوچستان
بلوچستان ہائی کورٹ نے عبدالمجید اچکزئی کی بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، 10 سال قید کی سزا
کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ قتل کیس میں سابق رکن بلوچستان اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف دائر سرکاری اپیل منظور کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا 4 ستمبر 2020ء کا بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

عدالت نے عبدالمجید اچکزئی کو ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کی ہلاکت کے مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے 10 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنا دی۔
بلوچستان ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں مجرم کو مقتول کے قانونی ورثاء کو دیت کی رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا ہے، جبکہ عبدالمجید اچکزئی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ ضمانت پر رہا عبدالمجید اچکزئی کو فوری طور پر گرفتار کرکے سزا بھگتنے کے لیے جیل منتقل کیا جائے۔
یہ فیصلہ بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے سنایا۔



