پاکستان

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس نے ایک لاکھ 79 ہزار کی حد عبور کر لی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی، جہاں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 5 ہزار 448 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 79 ہزار 335 پوائنٹس پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر کشیدگی میں کمی، بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں گراوٹ اور سرمایہ کاروں کے بہتر اعتماد کے باعث مارکیٹ میں خریداری کا رجحان غالب رہا۔

کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 5 ہزار 448.56 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 79 ہزار 335.25 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کاروباری سیشن کے دوران انڈیکس ایک لاکھ 79 ہزار 424 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک بھی پہنچا۔

پیر کو یومِ اقبال کی تعطیل کے باعث اسٹاک مارکیٹ بند رہی تھی، جس کے بعد طویل تعطیل کے اختتام پر منگل کو مارکیٹ میں بھرپور خریداری دیکھنے میں آئی۔

مارکیٹ میں تیزی کی ایک بڑی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان بھی تھا کہ فی الحال ایران کے خلاف مزید امریکی فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں۔ اس بیان سے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کم ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

اس پیش رفت سے خطے سے تیل کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات میں بھی کمی آئی، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بھی نیچے آگئیں اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بہتر ہوا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت کی امیدوں کے باعث منگل کو عالمی اسٹاک مارکیٹس میں بھی تیزی دیکھی گئی جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

پیر کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں تقریباً 4.65 فیصد جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں 3.51 فیصد کمی ہوئی تھی، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات کم ہونے کا اشارہ ملا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker