صدر ٹرمپ کا ایران پر مزید حملے روکنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف مزید عسکری کارروائیاں فی الحال روکنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر سمیت خلیجی ممالک خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے خواہاں ہیں۔
واشنگٹن میں قطری وزیر اعظم کے دورے کے بعد ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے واضح کیا کہ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت چاہتے ہیں کہ امریکہ ایران پر نئے حملے نہ کرے، جس کے بعد عسکری کارروائیاں نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی برقرار رکھی جائے گی، تاہم انہوں نے اسٹریٹجک صورتِ حال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران آبنائے ہرمز سے ریکارڈ مقدار میں تیل گزرا ہے، جو اس کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھا گیا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت تمام معاملات بہت بہتر انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور تیل کی نقل و حمل کی بحالی مثبت پیش رفت کو ظاہر کرتی ہے۔
نیوز کانفرنس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی دفاعی صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا جدید ترین اور بہترین فوجی ساز و سامان سے پوری طرح لیس ہے، تاہم فی الحال حالات ایسے ہیں کہ اس عسکری قوت کو استعمال کرنے کی کوئی ضرورت پیش آنے کا امکان نہیں ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف فی الحال مزید فوجی کارروائی ضروری محسوس نہیں ہوتی اور وہ امید کرتے ہیں کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازع جلد ختم ہو جائے گا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن کے تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ایران کے خلاف جنگ نے امریکا کو مالی اور سیاسی طور پر نقصان پہنچایا ہے، اور یہ مسئلہ انتخابات میں ان کی جماعت کی ناکامی کی اہم وجہ بنا۔
اس موقع پر انہوں نے انتخابی عمل میں استعمال ہونے والی ووٹنگ مشینوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے الیکشن کی شفافیت پر شکوک و شبہات کا اظہار بھی کیا۔
اس کے علاوہ امریکی صدر نے دفاعی امور سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر پیٹ ہیگستھ کا مواخذہ کیا گیا تو وہ ان کا پورا ساتھ دیں گے۔
’ایران اور امریکا تنازع کے حل پر آمادہ‘



