کانگو میں بغاوت اور حکم عدولی پر 66 فوجیوں کو سزائے موت سنا دی گئی

وسطی افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں بزدلی، بغاوت اور فوجی احکامات ماننے سے انکار پر کم از کم 66 فوجیوں کو سزائے موت سنا دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق وسطی افریقہ کے مشرقی صوبے شمالی کیوو کے علاقے والیکالے میں فوجی عدالت نے 71 اہلکاروں کے خلاف مقدمے کی سماعت مکمل کی، جس کے بعد 66 فوجیوں کو سزائے موت سنائی گئی، جس میں سے 4 کو بری جبکہ ایک فوجی کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
گرفتار اہلکاروں پر الزام تھا کہ انہوں نے 20 اکتوبر کو باغی جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اپنی پوزیشنیں چھوڑ کر فرار ہونے کا راستہ اختیار کیا تھا۔ فوجی حکام کے مطابق مقدمے کا مقصد مسلح گروہوں کے خلاف لڑنے والے فوجیوں میں نظم و ضبط بہتر بنانا ہے۔
واضح رہے کہ مشرقی کانگو میں کئی دہائیوں سے مسلح تنازع جاری ہے، جہاں سرکاری فوج کو ایم 23 سمیت مختلف باغی گروہوں کے خلاف لڑائی کا سامنا ہے۔ باغی اتحاد فرنٹ فار دی ریفاؤنڈیشن آف دی نیشن (ایف آر این) میں ایم 23 گروپ بھی شامل ہے۔
کانگو کی فوجی کارروائیاں طویل عرصے سے بدانتظامی، ناقص نظم و ضبط اور تنظیمی مسائل سے متاثر رہی ہیں جبکہ فوجیوں کی جانب سے کم تنخواہوں اور ناکافی فوجی سازوسامان کی شکایات بھی سامنے آتی رہی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی باغیوں کے خلاف لڑائی کے دوران اگلے مورچوں سے پسپائی اختیار کرنے پر 27 فوجیوں کو بزدلی کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔
ڈھائی سال قبل سزائے موت پر عائد پابندی ختم کی گئی
کانگو کی حکومت نے مارچ 2024 میں تقریباً 20 سال سے عائد سزائے موت پر پابندی ختم کردی تھی۔ حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ فوج میں غداروں کے خاتمے کے علاوہ مسلح گروہوں، بغاوت، غداری اور جنگی جرائم میں ملوث افراد کے خلاف بھی سزائے موت نافذ کی جاسکتی ہے۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے سزائے موت بحال کرنے کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا، تاہم پابندی ختم ہونے کے بعد اب تک کسی مجرم کو باقاعدہ طور پر پھانسی نہیں دی گئی۔
فرانسیسی نشریاتی ادارے آر ایف آئی کے مرتب کردہ اعدادوشمار کے مطابق 2025 کے آغاز سے اب تک کم از کم 507 فوجیوں کو مختلف مقدمات میں سزا سنائی جاچکی ہے، جن میں 381 کی سزائے موت بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2025 میں کانگو کے سابق صدر جوزف کابیلا کو جنگی جرائم اور غداری سمیت مختلف الزامات پر ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی گئی تھی۔ تاہم انہوں نے الزامات مسترد کیے تھے اور بعد ازاں انہیں ایف آر این کا سربراہ بھی نامزد کیا گیا۔



