بلوچستان
کوئٹہ : ارباب کرم خان روڈ پر گیس دھماکہ، ماں بیٹی سمیت 4 افراد جھلس کر زخمی

کوئٹہ کے علاقے ارباب کرم خان روڈ پر واقع مری اسٹریٹ میں گیس لیکج کے باعث زور دار دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ماں اور بیٹی سمیت چار افراد شدید جھلس کر زخمی ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تمام زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں متاثرہ خاتون 90 فیصد جبکہ ان کی 6 سالہ بچی 60 فیصد تک جھلس چکی ہے اور دونوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے، جبکہ دو معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ گیس لیکج کے باعث پیش آیا، تاہم واقعے سے متعلق مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



