انٹرنیشنلمقامی خبریں

جرمن فوج کا سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چینی ساختہ ڈرونزکا استعمال بندکرنےکا فیصلہ

جرمنی کی فوج نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر چینی ساختہ ڈرونز کا استعمال بند کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق جرمنی کی وزارت دفاع کے ایک ترجمان نےکہا ہےکہ جرمن مسلح افواج کی خود انحصاری اور تکنیکی خودمختاری کو مضبوط بنانےکے لیے اب چین میں تیار کیےگئے ڈرونز استعمال نہیں کیے جائیں گے۔

جرمن وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق اس سے قبل چینی کمپنیوں کے تیارکردہ ڈرونزکوکم لاگت کے باعث فوجی مشقوں، ہدف کو نشانہ بنانےکی تربیت اور دیگر تربیتی مقاصدکے لیے استعمال کرنےکی اجازت دی گئی تھی۔ تاہم اب ان کی جگہ یورپی ساختہ ڈرونز استعمال کیے جائیں گے۔

خبر ایجنسی کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مغربی ممالک کی افواج میں یہ خدشات بڑھ رہے ہیں کہ چینی ساختہ ڈرونز سکیورٹی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں اور ان کے ذریعے حساس معلومات چین تک پہنچائی جاسکتی ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ جرمنی نے کسی مخصوص ملک کی تیار کردہ ٹیکنالوجی یا نظام کے استعمال پر مکمل پابندی عائد نہیں کی، بلکہ یہ فیصلہ ہر نظام کے خطرات کا الگ الگ جائزہ لینےکے بعدکیا گیا ہے، جس کا مقصد فوجی سلامتی، آئی ٹی نظام اور ڈیٹا کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے الزام لگایا ہےکہ جرمنی کی جانب سے چینی مصنوعات کو نشانہ بنایا جارہا ہے جوکہ ’امتیازی طرز عمل‘ ہے۔

چین میں قائم دنیا کی سب سے بڑی ڈرون ساز کمپنی ڈی جے آئی (DJI) کے ڈرونز بھی جرمن افواج کے استعمال میں تھے۔کمپنی بارہا یہ مؤقف اختیار کر چکی ہےکہ اس کے ڈرونز سے سکیورٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔کمپنی نے گزشتہ مئی میں امریکی قانون سازوں کو بتایا تھا کہ ایک آزادانہ جائزے میں ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ اس کے ڈرونز امریکا سے باہر ڈیٹا منتقل کرتے ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ ماہ امریکا نے جاپان کے جزیرے اوکیناوا میں واقع اپنے فضائی اڈے پر چین کی کمپنی بی وائی ڈی (BYD) کی تیار کردہ گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اسی طرح پولینڈ نے بھی فروری میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر فوجی تنصیبات میں چینی ساختہ گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی تھی اور خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ان گاڑیوں میں نصب سینسرز حساس معلومات جمع کرنے کے لیے استعمال ہوسکتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker