ترکیہ میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ایرانی صدر کی ملاقات، پاکستان کے سفارتی کردار اور امن کی کوششوں کو سراہا

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران علاقائی امن کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار اور مفاہمتی کوششوں کو سراہا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور خطے کی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، سینیٹر شیری رحمان ایران کی طرف سے وزیرِ خارجہ اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں طویل عرصے سے جاری تنازع پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور دیرپا امن و استحکام کے لیے مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی روابط جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔



