مسلم لیگ (ن) نے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے 11 ارکان کے نام تجویز کردیے

اسلام آباد میں پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی تشکیل کے معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں مسلم لیگ (ن) نے کمیٹی کے لیے 11 ارکان کے نام تجویز کردیے ہیں۔
وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مجوزہ نام نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو بھجوا دیے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے مجوزہ ارکان
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے تجویز کردہ 11 ارکان میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی منظوری کے بعد انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل کا عمل مزید آگے بڑھے گا۔
پی ٹی آئی سے نام طلب کیے جائیں گے
ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات کمیٹی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی شمولیت کے لیے بھی رابطے کیے جارہے ہیں، اس سلسلے میں پیر کو وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر سے ملاقات ہوگی، جس میں تحریک انصاف سے انتخابی اصلاحات کمیٹی کے لیے نام مانگے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے نام فراہم کیے جانے کے بعد انتخابی اصلاحات کمیٹی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔
انتخابی اصلاحات کمیٹی کا پس منظر
انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا معاملہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کی جانب سے شروع کیا گیا تھا، جس کا مقصد پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کو مشاورت کے عمل میں شامل کرکے انتخابی نظام میں اصلاحات کے لیے تجاویز مرتب کرنا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے انتخابی نظام میں اصلاحات کے لیے 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کی نامزدگی کے لیے حکومت اور اپوزیشن سے نام مانگے تھے، مجوزہ کمیٹی 30 ارکان پر مشتمل ہوگی، جس میں قومی اسمبلی سے 20 اور سینیٹ سے 10 ارکان شامل کیے جائیں گے۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان سے بھی کمیٹی کے لیے نام طلب کیے تھے۔ حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے اپنے نمائندوں کے نام بھجوائے جانے کا عمل بھی جاری رہا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے مجوزہ کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی کے تناسب پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اپوزیشن کو کم نمائندگی دینے سے انتخابی اصلاحات کے عمل میں اس کا مؤثر کردار محدود ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کمیٹی کی تشکیل کے لیے 2013 میں قائم انتخابی اصلاحات کمیٹی کے فارمولے کو مدنظر رکھنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
اب مسلم لیگ (ن) کی جانب سے 11 نام تجویز کیے جانے کے بعد کمیٹی کی تشکیل کا عمل ایک اہم مرحلے میں داخل ہوگیا ہے تاہم اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن پی ٹی آئی سمیت متعلقہ جماعتوں کے نام موصول ہونے اور منظوری کے بعد جاری کیا جائے گا۔



