ایران بحران پر سفارتی سرگرمیاں تیز، ٹرمپ، پیوٹن اور شی جن پنگ کی ملاقات طے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ آئندہ ہفتے چین میں پہلی بار سہ فریقی ملاقات کریں گے، جس میں ایران کی جنگ اور جوہری ہتھیاروں پر کنٹرول کے معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔
امریکی وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ 19 نومبر کو چین کے شہر شینزن میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (اے پی ای سی) سربراہی اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے سہ فریقی ملاقات کریں گے۔
قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق یہ تینوں ممالک کے سربراہان کی پہلی مشترکہ ملاقات ہوگی، جو ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایران کے ساتھ جاری جنگ اور جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ سمیت متعدد اہم معاملات عالمی سفارت کاری کے مرکز میں ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ اس ملاقات میں ایران سے متعلق صورتِ حال اور جنگ کے معاملے پر روسی اور چینی قیادت سے بات کریں گے۔ تاہم واشنگٹن نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ وہ تہران کے معاملے پر ماسکو اور بیجنگ سے کس نوعیت کے تعاون کی توقع رکھتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان اولیویا ویلز نے بتایا کہ صدر ٹرمپ ملاقات میں دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں میں کمی کے معاملے پر بھی بات کریں گے۔ ان کے مطابق صدر ٹرمپ جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو انتہائی خطرناک سمجھتے ہیں۔



