وزیراعلیٰ پنجاب کا عورتوں اور بچوں سے زیادتی پرکارروائی کیلئے اینٹی ریپ ایکٹ لانےکا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عورتوں اور بچوں سے زیادتی پر کارروائی کے لیے اینٹی ریپ ایکٹ لانےکا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں آئی جی پنجاب نے خواتین اوربچوں کے خلاف جرائم اور حکومتی اقدامات پر رپورٹ پیش کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عورتوں اور بچوں کے خلاف جرائم میں سزا کی شرح پر تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں کیسز کی تحقیقات اورپراسیکیوشن میں بہتری کے لیے اے آئی کی معاونت پر اتفاق کیا گیا۔ مقدمات کی فوری سماعت کےلیےخصوصی عدالتیں قائم کرنےکا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نےکہا کہ خواتین اور بچے معاشرےکا حساس طبقہ ہیں، اُن کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے، زیادتی کے واقعات میں ملوث افرادکی سزا یقینی بنانےکے لیے اسپیشلائزڈ انویسٹی گیشن ضروری ہے۔
اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اینٹی ریپ ایکٹ کےتحت خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی، جن کے ذریعے خواتین اور بچوں کو فوری انصاف کی فراہمی ممکن بنائی جائےگی۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے چوہدری سالک کے نوٹس کے جواب میں ردعمل دیتےہوئےکہا کہ وفاقی وزیر نے الماریوں میں ثبوت بھرے ہونےکا دعویٰ کیا مگر پیش آڈٹ رپورٹ کی، بے بنیاد اور غلط الزام لگانے والوں کو جواب ضرور دیا جائےگا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے پنجاب حکومت کے جہاز کو پاک فضائیہ کو دینےپر کہا کہ پاک فضائیہ ریاستی ملکیت کے اثاثےخاص طورپر جہازکی دیکھ بھال کرتی ہے، اس میں کوئی بڑی بات نہیں۔



