اسرائیل میں دو عرب مسلم رہنما پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکرز منتخب

اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات کے بعد دو عرب مسلمان رہنما، احمد طیبی اور ولید طہٰ کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمان) کے عبوری ڈپٹی اسپیکرز منتخب ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق کنیسٹ کی انتظامی کمیٹی نے پیر کو مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نو ارکان کی بطور ڈپٹی اسپیکر تقرری کی منظوری دی۔
ووٹنگ کے دوران احمد طیبی کی تقرری پر نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ اور انتہائی دائیں بازو کی اتحادی جماعتوں نے اعتراض کیا اور نو امیدواروں کی فہرست کے خلاف ووٹ دیا۔
دوسری جانب گادی آئزن کوٹ، یائر لاپید اور نفتالی بینیٹ سمیت اپوزیشن اور دیگر مخالف سیاسی بلاکس کے نمائندوں نے فہرست کی حمایت کی، جس کے بعد ووٹنگ کے نتیجے میں تمام 9 امیدوار منتخب ہوگئے۔
کنیسٹ میں ڈپٹی اسپیکرز کا کردار
اسرائیلی پارلیمانی نظام میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرز مل کر ’پریزیڈیم‘ کہلاتے ہیں۔ یہ باڈی پارلیمانی کارروائی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس کی منظوری کے بغیر ایوان کا ہفتہ وار ایجنڈا طے نہیں ہو سکتا اور نہ ہی پارلیمان میں بل پیش کیے جا سکتے ہیں۔
اسرائیلی پارلیمنٹ کے قواعد کے مطابق ایوان میں 9 ڈپٹی اسپیکرز کی تقرری کی جاتی ہے۔
ڈپٹی اسپیکرز کی تقرری کے لیے الگ الگ ووٹ لینے کے بجائے ایک ہی فہرست پر مشترکہ ووٹنگ کرائی جاتی ہے۔
یہی وجہ سے حکومتی اتحاد کی مخالفت کے باوجود احمد طیبی اور ولید طہٰ سمیت تمام امیدوار منتخب ہوگئے، جن میں لیکوڈ اور اس کی اتحادی جماعتوں کے نامزد ارکان بھی شامل تھے۔
احمد طیبی اور ولید طہٰ کون ہیں؟
احمد طیبی عرب سیاسی جماعت ’تعل‘ کے سربراہ ہیں اور 1999 سے کنیسٹ کے رکن چلے آ رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔



