انٹرنیشنل

بدلتا معاشرہ، بدلتے انسان

لاہور کی ایک خاص بات یہ ہے کہ یہاں آپ کو جگہ جگہ سر سبز باغات مل جاتے ہیں جہاں چڑیوں کی چہچہاہٹ، پھولوں کی بھینی بھینی خوشبو اور ہر سو بکھری قدرت کی جادو گری روح کو تازگی بخشتی ہے، صبح نماز فجر کے بعد کا منظر اس قدر دل آویز ہوتا ہے کہ لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا، فارغ اوقات میں یا چھٹی کے دن میں اکثر موبائل فون گھر چھوڑ کر بچوں کے ساتھ ان باغات کا رخ کرتا ہوں، بچوں کو بھاگتے دوڑتے، جھولا جھولتے اور آپس میں اٹھکیلیاں کرتے ان خوش گوار لمحوں کو محسوس کرتا ہوں جو بڑی تیزی سے موبائل فون کی اسکرولنگ میں بیت رہے ہیں، سوچتا ہوں اگر اس وقت بھی میرے پاس موبائل فون ہو تو پھر وہی واٹس ایپ، فیس بک، ریلز ، ادھر ادھر کی فضول پوسٹیں، کومنٹس اور وقت کا ضیاع ۔

ایک تحقیق نظر سے گزری جس نے مجھے مجھے یہ آرٹیکل لکھنے پر مجبور کیا۔ یہ تحقیق 2005 سے 2019 کے درمیانی عرصے میں کی گئی ہے جسے ٹائم میگزین نے بھی شائع کیا، تحقیق کے مطابق انسانوں کی روزانہ بولنے کی مقدار میں 28 فیصد کمی آئی ہے۔ یعنی 2005 میں ایک اوسط انسان دن میں تقریبا 16 سے ساڑھے سولہ ہزار الفاظ بولتا تھا، جو 2019 تک کم ہو کر 12 سے 12ہزار 700 کے لگ بھگ رہ گئے ہیں ۔ یعنی ہر گزرتے سال کے ساتھ اوسطاً 338 الفاظ کی کمی ۔ محققین کے مطابق بولنے میں کمی کی مقدار کی بڑی وجوہات میں اسکرین کا استعمال، ٹیکسٹ میسجنگ، ڈیلیوری، شاپنگ ایپس اور ڈیجیٹل مواصلات کا بڑھتا ہوا رجحان ہے۔ 2019 کے بعد 2026 تک ٹیکنالوجی میں جس قدر تیزی سے ترقی ہوئی ہے اور اس کے بعد الفاظ کی یہ تعداد کس قدر کم ہوئی ہوگی یہ مجھے بتانے کی ضرورت نہیں ۔

میرا تعلق میڈیا انڈسٹری سے ہے جسے موبائل فون نامی اژدھا تقریباً نگل چکا ہے، لوگوں نے اخبار پڑھنا اور ٹی وی دیکھنا چھوڑ دیا ہے، سیکڑوں صحافی بیروزگار ہوچکے، میڈیا ہی کیا ہم سے پہلے گھڑی سازی، الارم، ٹارچ، کیمرا، کیلکیولیٹر، کیلنڈر اور ڈائری سازی سمیت چالیس سے زائد صنعتیں اور کاروبار اسی موبائل فون کی وجہ سے تباہ ہوچکے ہیں لیکن یہ چھوٹا سا کھلونا ہمارے سماجی اور معاشرتی ڈھانچے کو اس قدر ہلا کر رکھ دے گا اس کا اندازہ نہیں تھا۔ گاؤں دیہات جہاں لوگ ایک دوسرے کے قریب ہوتے ہیں، دن بھر کھیتی باڑی کے بعد فارغ اوقات میں اوطاق سجانا، شادی بیاہ اور دیگر رسم و رواج میں ایک ملنا ملانا معمول تھا لیکن اب وہاں بھی موبائل فون داخل ہو چکا۔ نوجوان الگ تھلک بیٹھ کر موبائل فون میں گم، رات دیر تک ریلز دیکھنا اور صبح دیر سے اٹھنا معمول ۔ عید، شادی بیاہ اور سالگرہ کی مبارکباد ہو یا فوتگی پر تعزیت، سب کچھ سمٹ کر موبائل فون تک محدود ہوچکا

طلبا کا فوکس اس قدر ختم ہوچکا ہے کہ کتاب اُٹھاتے ہی سردرد شروع ۔ طلبا ہی کیا اپنا حال بھی کچھ مختلف نہیں ۔ موبائل آن کرتے ہی سوشل میڈیا میں اس طرح گم ہوتے ہیں کہ پتہ ہی نہیں چلتا موبائل فون اٹھایا کیوں تھا۔ مجھے یاد نہیں کہ تعلیمی دور میں ہم کبھی اتنے زیادہ لائق فائق رہے ہوب، کتابوں سے ویسے ہی الرجی تھی اوپر سے سائنس کے مضامین سردرد میں مزید اضافہ کر دیتے لیکن سسپنس اور جاسوسی ڈائجسٹ کی لت لگی تو ایک ہی رات میں پورا پورا ناول گھول کر پی جاتے۔ اخبارات کی طرف آئے تو کئی کالمز پڑھنے کے باوجود پیاس نہ بجھتی لیکن اب تو ایک کالم پڑھنا بھی دشوار۔

طبی ماہرین موبائل کے زیادہ استعمال کو نشے سے تعبیر کر رہے ہیں اور افسوس کہ ہمارے بچے، بوڑھے جوان سب اس نشے میں مست ۔ نوعمر بچے جو کبھی کھیلن کو چاند مانگتے تھے اب موبائل فون استعمال کرکے آٹزم، ڈپریشن اور انزائٹی جیسی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے۔ نیند کی کمی انہیں چڑچڑا بنا رہی ہے۔ جن ملکوں کو اپنے عوام کی فکر ہے وہاں سولہ سال سے کم عمر بچوں کے موبائل فون دیکھنے پر پابندی لگائی جا رہی ہے، سنا ہے ہمارے ہاں بھی ایسا کچھ سوچا جا رہا ہے،موجودہ دور میں موبائل فون اور سوشل میڈیا پر مکمل پابندی لگانا شاید ممکن نہ ہو لیکن اسے کم کیا جا سکتا ہے۔ سب سے پہلے تو غیر ضروری پوسٹیں کرنا بند کریں ۔ ظاہر ہے جب آپ پوسٹ کریں گے تو اچھا یا بُرا، اُس کا جواب بھی آئے گا۔ پھر آپ بھی جواب دیں گے اور اس طرح یہ سلسلہ چلتے چلتے جھگڑے میں تبدیل ۔ جن پوسٹوں سے آپ کو الرجی ہوتی ہے اور آپ اُنہیں بلاک کرکے ناراضی بھی مول لینا نہیں چاہتے تو آہستہ سے snooz کا آپشن استعمال کریں, ہفتہ مہینہ سال جتنا جی چاہے ان سے جان چھڑائیں ۔

فارغ اوقات میں پارک کا رُخ کریں، واک یا ورزش کریں لیکن پارک اور باغات بھی ہر ایک کو کہاں میسر۔ کراچی تو پورا کنکریٹ کا جنگل بن چکا، شاذونادر ہی آپ کو کہیں درخت دکھائی دیتے ہیں، آج کل کچھ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت شجرکاری کر رہے ہیں، جنہیں ہمارا سلام ۔ چیٹ جی پی ٹی والے بھائی کا مشورہ ہے کہ موبائل چھوڑنے کے بجائے آہستہ آہستہ اس پر اپنا انحصار ختم کریں۔ صبح اٹھتے ہی موبائل نہ دیکھیں، سوشل میڈیا کا وقت مقرر کری ۔ کتابیں پڑھنے کی عادت ڈالیں ۔ گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ وقت گزاریں۔ ہفتے میں ایک دن سوشل میڈیا سے مکمل چھٹی لیں اور ہماری طرح بچوں کو لے باغات کا رخ کریں، فطرت سے باتیں کریں، بچوں کو کھیلتے کودتے جھولا جھولتے اور اٹکھیلیاں کرتے دیکھ کر رب کا شکر ادا کریں کہ یہ خوبصورت لمحے موبائل فون جیسی لت سے دور رہ کر ضائع ہونے سے بچ گئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker