پاکستان

دھمکی نہیں دے رہا خبردار کر رہا ہوں، زبردستی سندھ کو تقسیم کی کوشش سے امن و امان خراب ہوگا: بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 6 ماہ میں عام انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم نہ کرائیں، انتخابی اصلاحات کرا کے 6 ماہ میں الیکشن کرا دیں، میں دوبارہ جیت کر آکر بتادوں گا کہ سندھ کے عوام نے ووٹ کیوں دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ میں بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے سندھ میں امن و امان کی ضمانت لیں، ریفرنڈم کے ذریعے صوبے بنانے کے معاملے پر کوئی باضابطہ بات اب تک نہیں کی گئی، نواب شاہ میں صدر زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات ہو یا لاہور میں صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، ریفرنڈم کا معاملہ زیرغور نہیں تھا۔

بلاول کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی بات کرنے والے وہ لوگ ہیں جو نہ کبھی الیکشن جیتے نہ آگے جیت سکتے ہیں، پاکستان کے حکمران ملک کے اصل مسائل کے حل کے لیے دلچسپی نہیں دکھا رہے، کیا پاکستان ایسے چلے گا کہ چیئرمین پی سی بی یہ بحث شروع کریں کہ سسٹم کیسے ری سیٹ ہوگا اور نئے صوبے کیسے بنیں گے؟ صوبوں کی تقسیم پر سندھ میں خون بہے گا، زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کریں گے تو امن و امان خراب ہوگا، دھمکی نہیں دے رہا بلکہ خبردار کر رہا ہوں، محسن نقوی صوبوں کی تقسیم پر ریفرنڈم تو چاہتے ہیں مگر وہ نقشے پریہ تک نہیں بتاسکیں گے کہ سندھ کے شہرکہاں واقع ہیں۔

اس سے قبل ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ میں 80 اور 90 کی دہائی میں کیا ہوا؟ اس وقت بھی حالات ایسے بنائے گئے تاکہ سندھ میں تقسیم پیدا ہو، آج بھی یہ خطرہ موجود ہے اس لیے خبردار کر رہا تھا، میں خطرے کی گھنٹی بجا رہا تھا دھمکی نہیں دے رہا تھا، خبردار کر رہا تھا اگر زور زبردستی ایسا کچھ کیا گیا تو نتائج یہ ہوں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ یہ بات صرف میں نہیں کر رہا اس تجویز کا جو بڑا وکیل ہے جس کا کراچی سے تعلق ہے انھوں نے بھی یہی الفاظ استعمال کیے، زبردستی کی گئی تو میرے نہ چاہنےکے باوجود وہ آگ لگےگی جس کو بجھانا مشکل ہوجائےگا، اگر ایسے حالات کیے جائیں گےکہ کراچی پورٹ سے جو سامان نکلتا ہے وہ باہر نہ جاسکے تو کیا معاشی اثر ہوگا؟

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کہےگا کہ سسٹم کولپیس کرےگا تو میرا بھی حق ہےکہ ہم اپنا مؤقف دیں، اگر سسٹم کولیپس ہے توکیوں ہے؟ اگر کوئی کہتا ہےکہ سسٹم ری سیٹ ہونا ہے تو میرا حق ہے کہ اپنا مؤقف دوں، اس ری سیٹ کی کیا شکل ہونی چاہیے؟ کیا غیرسیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے یا سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے؟ اپنی تجاویزسے آگاہ کیا ہے، اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹا، اپنی پوزیشن سے پیچھے نہیں ہٹا، معاشی مشکلات کا شاید اشرافیہ کو اندازہ نہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ میری حکومت موجود ہے میں اسٹیک ہولڈر ہوں، میں بڑا اسٹیک ہولڈر ہوکر بتا رہا ہوں کہ حالات بہترکرنےکی یہ میری تجاویز ہیں، میں اسٹیک ہولڈر ہوں اس لیے کہہ رہا ہوں کہ ہوش کے ناخن لیں، لگ رہا ہےکہ میرے سچ بولنےکے بعد انھوں نے فیصلہ کرلیا ہےکہ مجھ سے بھی لڑیں گے، جو رد عمل آیا ہے ثبوت ہےکہ سیاستدانوں میں سچ سننےکا حوصلہ نہیں، میری بات سننےکا ان میں حوصلہ نہیں تو عوام کا کیا ہوگا جواپنی آواز حکومت تک نہیں پہنچاسکتے، آپ نے بحث شروع کی تو اتنی ہمت کریں کہ یہ بحث اب ہو، خود ہی فیصلہ کیا کہ یہ بحث ٹاؤٹس کے ذریعےکی جائےگی تو یہ ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اتنا کمزور نہیں کہ یکطرفہ بحث ہوگی باقی سب کو ماننا ہوگا یا خاموش رہنا ہوگا، ایسا تو ہونا نہیں چاہیے، جب سے صوبوں کی بحث کا آغاز ہوا نہ کسی وزیر، وزیراعظم یا کسی سیاسی اسٹیک ہولڈر سے بات کی گئی، بحث ہونی چاہیے لیکن بنیادی مسائل پر توجہ نہیں، میں یہ توجہ ان مسائل پر دلانا چاہ رہا ہوں، سسٹم گرچکا ہے تو کیا صرف ان کا حق ہے؟ کیا پی سی بی چیئرمین کو یہ حق ہےکہ وہ کہےکہ سسٹم گرچکا ہے، اگر سسٹم ری سیٹ کرنا ہے تو کیا پی سی بی کو ذمہ داری سونپی گئی ہےکہ فیصلہ کرے، مولانا فضل الرحمان آپ کے پرانے ساتھی رہے ہیں، تنقید کریں تو ردعمل گھرگرانےکا آتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker